دربار عالیہ عید گاہ شریف
راولپنڈی (شیخ عاصم) عظیم الشان لبیک یا رسول اللہ ﷺ کانفرنس کا انعقاد بسلسلہ محفلِ ایصالِ ثواب والدہ محترمہ چوہدری انصر حاجی والا گجرات کے مقام پر کیا گیا جس کی صدارت دربارِ عالیہ عید گاہ شریف کے سجادہ نشین و عالمِ اسلام کے ممتاز مذہبی و روحانی پیشوا پیر محمد نقیب الرحمن نے کی جبکہ اپنے خصوصی خطاب میں پیر محمد حسان حسیب الرحمن نے کہا ہے کہ حضور نبی کریم ﷺ ارشاد مبارک فرماتے ہیں کہ جس طرح پانی میں ڈوبتے شخص کو سہارے کی ضرورت ہوتی ہے اسی طرح قبر میں جانے والا شخص پانی میں ڈوبتے شخص کی مانند ہوتا ہے جسے سہارے کی ضرورت ہوتی ہے۔ صحابہ کرام رضوان اللہ تعالیٰ علیہم اجمعٰین نے عرض کی کہ اے اللہ کے رسول ﷺ ہم قبر میں جاتے شخص کو کس طرح سہارا دے سکتے ہیں تو حضور نبی رحمت ﷺ نے فرمایا کہ تمھاری دعائے مغفرت اور ایصالِ ثواب قبر میں جانے والوں کے لئے سہارا ہوتی ہے۔ حضور نبی کریم ﷺ فرماتے ہیں کہ ایک شخص جب جنت میں پہنچ کر دیکھے گا کہ اس کے درجات بلند ہو رہے ہیں تو وہ ربِ کریم کے حضور عرض کرے گا کہ اے میرے کریم رب جنت عطا فرمانے پر میں تیرا شکر گزار ہوں اور اس پر مزید یہ کہ میرے درجات بلند سے بلند تر ہو رہے ہیں تو اس کا سبب کیا ہے؟ ربِ رحمن ارشاد فرمائے گا کہ تمھاری اولاد و لواحقین جنہیں تم پیچھے چھوڑ آئے ہو وہ تمہیں ایصالِ ثواب کر رہے ہیں جس کی وجہ سے تمھارے درجات بلند ہو رہے ہیں۔ محسنِ اعظم انسانیت ﷺ کا فرمان مبارک ہے کہ اپنے وفات شدگان کو ایصالِ ثواب کیا کرو کیونکہ جب تم ان کو ایصالِ ثواب کرتے ہو تو رب کریم ان کی قبور میں پہاڑوں کی مانند نور داخل فرماتا ہے۔ ایک صحابیِ رسول ﷺ نے جب بارگاہِ نبوی ﷺ میں عرض کی کہ یا رسول اللہ ﷺ میرے والدین وفات پا چکے ہیں میں ان کو کس طرح ثواب پہنچا سکتا ہوں تو مصطفی جانِ رحمت ﷺ نے فرمایا کہ تم پانچ طریقوں سے اپنے والدین کو ثواب پہنچا سکتے ہو، اول یہ کہ ان نماز جنازہ ادا کرو، دوئم ان کے لئے دعائے مغفرت کرو، سوئم جو نیک اعمال تمھارے والدین اپنی زندگی میں کرتے تھے ان کو جاری رکھو، چہارم والدین کے عزیزو اقارب کے ساتھ حسنِ سلوک سے پیش آؤ اور ان سے تعلق قائم رکھو اور پنجم یہ کہ اپنے والدین کے دوست احباب کے ساتھ حسنِ سلوک رکھو۔ غور طلب بات ہے کہ فرامینِ نبوی ﷺ کی روشنی میں دینِ متین اسلام میں ایصالِ ثواب کی کس قدر اہمیت ہے اور جو مرنے والے کے لئے مغفرت اور بخشش کا بہترین ذریعہ ہیں۔ کانفرنس میں کثیر تعداد میں علمائے کرام، نعت خوانانِ عظام، لواحقینِ والدہ محترمہ چوہدری انصر، عوام الناس اور خواتین کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔ کانفرنس کے اختتام پر پیر محمد نقیب الرحمن نے والدہ محترمہ چوہدری انصر کی مغفرت اور درجات کی بلندی، وطن ِ عزیز کی سلامتی خوشحالی ترقی،افواجِ پاکستان کی سربلندی، اتحاد بین المسلمین اورفلسطین کے مظلوم مسلمانوں کی ظلم و بر بریت سے نجات و آباد کاری کے لئے خصوصی دعا کی جس کے بعد وسیع و عریض لنگر کا اہتمام بھی تھا۔
S: WAPBSMMSH: internet 🛜
Disclaimer: The content of all articles on this site has not been strictly verified, and does not represent the views of this site, and this site does not assume legal responsibility arising therefrom.
0 Comments