راولپنڈی 04جون( ) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کے ویژن کے مطابق سٹی پولیس آفیسر سید خالد ہمدانی کی سربراہی میں گزشتہ 6 ماہ کے دوران خواتین، خواجہ سراؤں اور بچوں کے ساتھ زیادتی کے 62 مقدمات درج کر کے 55 ملزمان کو گرفتار کیاگیا،پولیس کی بروقت تفتیش مکمل ہونے کے بعد عدالتوں نے 5 ملزمان کو مختلف سزائیں سنا دیں، تحفظ مرکز راولپنڈی میں خواتین، خواجہ سراء اورخصوصی افراد سمیت تمام شہری سہولیات سے مستفید ہو رہے ہیں. ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز پنجاب تحفظ مرکز راولپنڈی میں خواجہ سراؤں کی سہولت کے لیے تعینات آفیسر لہر مرزا نے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا.لہر مرزا نے بتایا کہ اس سے قبل خواجہ سراؤں یا خواتین کے ساتھ زیادتی واقعات میں مقدمات کے اندراج کے لیے متعلقہ تھانوں میں جانا پڑتا تھا اور بہت سے خواجہ سراء، خواتین یا بچوں کے ساتھ ہونے والے زیادتی کے واقعات کو متاثرین کی جانب سے ایف آئی آر کے لیے پولیس سے رجوع نہیں کیا جاتا تھا جس وجہ سے ملزمان کے خلاف کاروائی کرنے میں پولیس کو مطلوب شواہد حاصل کرنے یا ملزمان تک پہنچنے میں مشکلات کا سامنا رہتا تھا مگر تحفظ سنٹر کے قیام کے بعد خواتین اور خواجہ سراء اپنے ساتھ ہونے والے زیادتی کے واقعات کو رپورٹ کروا رہے ہیں اور پولیس کی جانب سے ملزمان کے خلاف مقدمات کے اندراج اور ان کی گرفتاریوں کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے. لہر مرزا نے بتایا کہ تحفظ سنٹر راولپنڈی میں روزانہ سینکڑوں افراد اپنے درخواستیں لے کر آتے ہیں اور ان کے مسائل ایک کھڑکی پر ہی حل کئے جاتےہیں. لہر مرزا نے بتایا کہ گزشتہ 6 ماہ کے دوران زیر دفعہ 376 کے تحت 46 مقدمات درج اور 44 ملزمان گرفتار ہوئے جبکہ زیر دفعہ 377 کے تحت 16 مقدمات درج کر کے 11ملزمان کوگرفتار کیا گیا اور عدالتوں کی جانب سے 5 ملزمان کو مختلف سزائیں سنائی جاچکی ہیں.
Source#YKAPP
0 Comments